ایک نئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ماحولیات کے بگاڑ کی وجہ سے زمین کی ہیئت میں تبدیلی انسانی صحت کیلئے سنگین مسئلہ بن رہی ہے۔ ایک طبی رسالے میں شائع ہونے والی اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ ڈیڑھ سو برس کے دوران زمین کے قدرتی ذخائر میں ہونے والی مسلسل کمی اور زمین کی تباہی( زرخیز زمین کا بنجر ہونا ) نے انسانی صحت کیلئے سنگین مسائل کھڑے کردیئے ہیں۔ انسانوں کو صحت مند رہنے کیلئے جو قدرتی نظام درکار ہے وہ آہستہ آہستہ ختم ہونے لگا ہے اور مصنوعی اشیاء انسانی زندگی کیلئے مزید خطرے پیدا کررہی ہے اسی لئے نہ صرف انسانوں میں صحت کے پیچیدہ مسائل پیدا ہورہے ہیں بلکہ نت نئی بیماریاں جنم لے رہی ہیں یہی نہیں وہ بیماریاں جن کو دنیا سے ختم کرنے کے دعوے کئے گئے تھے واپس آرہی ہیں ان میں ملیریا ‘چیچک ‘طاعون شامل ہیں۔ اس رپورٹ کو دنیا کے 15 مشہور و معروف ماہرین اور محققین نے تیارکیا ہے۔ ماہرین کاکہنا ہے کہ زمینی ذخائر کا استحصال کر کے انسان نے غیر معمولی ترقی تو حاصل کرلی ہے لیکن اس نے اپنے لئے خود گڑھا کھود لیا ہے۔ ماضی میں لوگوں کی عمریں سینکڑوں برس ہوا کرتی تھیں اس وقت قدرتی ذخائر معدنیات‘ جڑی بوٹیاں (پیڑ پودے ) ان کا تحفظ کرتے تھے۔ اب یہ سب کچھ ختم ہوگیا ہے۔ زرخیز زمین کو زبردستی بنجر بناکر اس پر عمارتیں بنائی جارہی ہیں۔ تالابوں اور جھیلوں کو خشک کردیا جارہا ہے۔ ندیوں کا پھیلائو سکڑ گیا ہے۔ جنگل تباہ و برباد کئے جارہے ہیں اس سے کرہ ارض پر اس قدرتی نظام کو دھکا لگا ہے جو انسانی زندگی کا تحفظ کرتا تھا۔ اس کے انسانوں کی صحت پر گہرے منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
Similar Threads:
Bookmarks