تری کلکِ قدرت کے قربان آنکھیں
دکھائے ہیں خوش رو جواں کیسے کیسے
کرے جس قدر شکرِ نعمت، وہ کم ہے
مزے لوٹتی ہے، زباں کیسے کیسے
اسیر ہونے کا اللہ رے شوق بلبل کو
جگایا نالوں سے صیاد کو جو خواب آیا
کسی کی محرم آب رواں کی یاد آئی
حباب کے جو برابر کوئی حباب آیا
شبِ فراق میں مجھ کو سلانے آیا تھا
جگایا میں نے جو افسانہ گو کو خواب آیا
عالم جو تھا مطیع ہمارے کلام کا
کیا اسم اعظم اپنے دہن سے نکل گیا؟
زنجیر کا وہ غل نہیں زنداں میں اے جنوں
دیوانہ قید خانہ تن سے نکل گیا
رتبے کو ترے سن کر سبک ہو کے ہر غزال
دیوانہ ہو کے دشت ختن سے نکل گیا
پھر طفل حیلہ کو کا بہانہ نہ مانیو
آتش وہ اب کی بار تو فن سے نکل گیا
There are currently 1 users browsing this thread. (0 members and 1 guests)
Bookmarks