عمران خان کے غیرلچکدار روّیہ پر غور‘ 24 گھنٹے انتہائی اہم ہیں: ذرائع
24
اسلام آباد (محمد نواز رضا‘ وقائع نگار خصوصی) حکومت اور تحریک انصاف کی قیادت ’’بند گلی‘‘ میں چلی گئی ہے۔ حکومتی حلقوں میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران کے ’’غیرلچکدار‘‘ رویّہ پر غور کیا جا رہا ہے۔ آئندہ 24 گھنٹے انتہائی اہم ہیں۔ عمران کے دعویٰ کے مطابق ہفتہ کو تھرڈ ایمپائر نے تو انگلی کھڑی نہیں کی لیکن حالات تیزی سے خراب ہورہے ہیں۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کسی صورت مستعفی نہیں ہوں گے اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ’’مائنس ون فارمولا‘‘ بھی قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری کی وزیراعظم محمد نوازشریف سے ملاقات میں آصف علی زرداری کو دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطہ کرنے کا ٹاسک دیدیا گیا ہے تاکہ سیاسی بحران کا قابل قبول حل تلاش کر لیا جائے۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے وزیراعظم محمد نواز شریف سے ملاقات کے بعد (ق) لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین اور سینئر رہنما چودھری پرویز الہیٰ اور جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ آصف علی زرداری نے چودھری برادران کو طاہرالقادری کو منانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے کہا ہے لیکن چودھری برادران نے معذرت کر لی ہے تاہم سراج الحق نے کہا ہے کہ وہ سیاسی بحران کو حل کرنے کیلئے اپنی بساط کے مطابق کوشش کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مذاکرات کی ناکامی کے باوجود سیاسی قوتیں عمران خان کو اپنے رویّہ میں لچک پیدا کرنے پر آمادہ کرنے کی کوششیں ترک نہیں کریں گی۔ ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کے دوران ان کے مستعفی نہ ہونے کے فیصلے سے اتفاق کیا ہے اور اپنی بھرپور حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔
24 گھنٹے
Similar Threads:
Bookmarks