دولت مند بننا ہے تودوسروں کو اہمیت دیں
اگر آپ دوسروں سے اپنے حسبِ منشا کام لینا یا ان سے کام کروانا چاہتے ہیں، تو اس کے لیے سب سے ضروری بات یہ ہے کہ پہلے آپ ان کی خواہشات یا ضروریات کی تکمیل کریں، جو ہر شخص کے لاشعور میں پوشیدہ ہوتی ہیں۔ یاد رکھیے دوسروں کو پیار سے مغلوب کر نے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ آپ ان کی خواہشات کا احترام کریں اور ان کی تکمیل کریں۔ اس میتھڈ پر عمل کیے بغیر آپ اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔ دوسروں کو اہمیت دیجیے، ان کی خواہشات کا احترام کیجیے اور انہیں احساس دلایئے کہ وہ کوئی معمولی انسان نہیں ۔ اس میتھڈ کو راقم الحروف نے اپنی ایک کتاب میں تفصیل سے پیش کیا ہے۔ میری اس کتاب کا عنوان ہے: "How to Get Whatever You Want" دوسروں کی فطری خواہشات یا ان کے لاشعور میں متحرک خواہشات کیا کیا ہیں، ہم انہیں مختصر طور پر اس طرح بیان کر سکتے ہیں۔ سب سے پہلے ہم آپ کو’’ولیم جیمز‘‘ کا ایک قول بتاتے ہیں: ’’ ہر انسان کی سب سے بڑی لاشعوری خواہش یہ ہوتی ہے کہ اس کی تعریف کی جائے۔ اس کی حوصلہ افزائی کی جائے۔‘‘سب سے پہلی خواہش کو لیجیے: 1۔ہر شخص کی یہ دلی خواہش ہوتی ہے کہ اس کی ’’تعریف‘‘ کی جائے۔ یہ تعریف اس طرح کی جاتی ہے کہ دوسرا اسے خوشامد نہ سمجھے۔ تعریف کا مقصد یہ ہے کہ آپ اس کے چند اچھی صفات کا ذکر کریں۔ اس کی شخصیت کے کسی اچھے پہلو کی تعریف کریں۔ 2 ۔دوسری خواہش کا نام ہے، ’’حوصلہ افزائی‘‘ ولیم جیمز نے بھی یہی کہا ہے کہ ہر شخص حوصلہ افزائی کا بھوکا ہوتا ہے۔ 3 ۔ہر انسان کی تیسری بڑی خواہش ہے کہ اسے ’’اہمیت‘‘ دی جائے۔ مشہور ماہر تعلیم ’’جان ڈیوی‘‘ نے بھی یہی کہا ہے کہ ہر شخص یہ چاہتا ہے کہ اسے اہمیت دی جائے۔ اس کے وجود کو تسلیم کیا جائے، جو شخص دوسروں کو اہمیت نہیں دیتا، وہ زندگی میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔ 4۔چوتھی خواہش ہے، دوسروں کی ’’ضروریات‘‘ کا احساس کیا جائے۔ جب آپ دوسروں کی ضروریات کا خیال رکھتے ہیں ،تو دراصل اپنا خیال رکھتے ہیں۔ یاد رکھیے۔ دوسروں کی ضروریات کو پورا کیے بغیر آپ اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔ 5 ۔پانچویں خواہش کا نام ہے ،’’احترام‘‘۔دوسروں کا احترام کریں، وہ آپ کا احترام کریں گے۔ اگر آپ زندگی میں کامیاب ہونا چاہتے ہیں یا امیر ترین بننے کی خواہش رکھتے ہیں، تو ہر کسی کا احترام کیجیے۔ ایک دوسرے کا احترام کرنا انسانیت کا تقاضا بھی ہے۔ (ایم- آر- کوپ میئر کی کتاب ’’آپ چاہیں تو امیر بن سکتے ہیں‘‘ سے ماخوذ) ٭…٭…٭
Bookmarks