مشعل ریاض
ایک زمانہ تھا کہ انسان اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کی خیر خیریت جاننے کیلئے بے قرار رہا کرتا تھا۔ الیگزینڈرگراہم بیل نے1875ء کو ٹیلی فون ایجاد کرکے انسانوں کو آواز کے ذریعے، ایک دوسرے کے حال احوال سے باخبر رہنے اور اپنے حال احوال سے آگاہ کرنے کے قابل بنا دیا۔ اب فون نمبر تقریباً ہر انسان کی زندگی کا حصہ بن چکے ہیں۔ فون خوشی اور غم ہر کیفیت میں انسانوں کے مابین رابطے کا سب سے عام استعمال ہونے والا ذریعہ ہے۔ آپ نے کبھی نہ کبھی ضرور سوچا ہو گا کہ فون نمبر کس طرح ایجاد ہوئے۔ فون نمبر کی ایجاد فون نمبر ایجاد کئے جانے سے پہلے فون کا لیں فون کے مالک کے نام کے ذریعے کی جاتی تھیں۔ جس شخص نے کسی کو کال کرنا ہوتی وہ ایکسچینج میں موجود آپریٹر کو اپنے مطلوبہ شخص کا نام بتاتا، آپریٹر اپنے سامنے موجود بہت سی ٹیلی فون لائنوں میں سے ایک لائن کے ذریعے اُس شخص سے کال ملادیتا۔ ٹیلی فون کے موجد الیگزینڈر گراہم بیل کے دوست ڈاکٹر موسس نے فون نمبروں کی ایجاد میں بنیادی کردار ادا کیا تھا۔ ہوا یہ کہ شہر میں چیچک کی وبا پھیل گئی ۔ ڈاکٹر موسس نے گراہم بیل سے کہا کہ ٹیلی فون آپریٹر بھی اس وبا کی لپیٹ میں آکر بیمار پڑ گئے تو لوگوں کیلئے فون پر ایک دوسرے سے رابطہ کرنا مشکل ہو جائے گا۔ اس کے علاوہ کسی ہنگامی حالت میں ڈاکٹر کو جلد از جلد بلانا ہو تو موجود ہ طریقے کے مطا بق ایسا ممکن نہیں ہے، کوئی ایسا طریقہ اخترع کیا جائے کہ لوگ ہنگامی حالت میں آپریٹر کی مدد کے بغیر مطلوبہ شخص سے جلد رابطہ کر سکیں۔ چنانچہ ٹیلی فون رکھنے والوں کے ناموں کی بجائے ہر شخص کیلئے ایک مخصوص نمبر مختص کیا گیا۔ ٹیلی فون نمبر پہلی بار امریکہ کے شہر لوویل میں 1879ء سے 1880ء کے درمیانی عرصہ میں استعمال کئے گئے۔ یہ نظام اتنا پسند کیا گیا اور اتنا کارآمد ثابت ہوا کہ اسے آج بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ گھومنے ولا ڈائل 1875ء میں ٹیلی فون کی ایجاد کے بعد سے ضرورت محسوس کی جارہی تھی کہ ٹیلی فون پر رابطے کا تیز رفتار نظام وضع کیا جائے ۔ آخر 1891ء میں ایکمن برائون سٹروگر نے ٹیلی فون کا ڈائل ایجا دکیا۔ ڈائل والا پہلا فون 1892ء میں استعمال کیا گیا۔ پہلا تجارتی ٹیلی فون ایکسچینج 28جنوری 1878ء کو امریکہ کے شہر نیو ہیون (New Heaven)کی بورڈ مین بلڈنگ میں دنیا کا پہلا تجارتی ٹیلی فون ایکسچینج قائم کیا گیا تھا۔ اسے ڈسٹرکٹ ٹیلی فون کمپنی آف نیو ہیون کا نام دیا گیا تھا ۔ تجارتی ٹیلی فون ایکسچینج کا تصور امریکہ کی خانہ جنگی میں حصہ لینے والے ایک سابق فوجی اور ٹیلی گراف آفس کے مینیجر جارج کوائے اور ان کے دو ساتھیوں ہیرک فراسٹ اور والٹرلیوس نے پیش کیا تھا۔ ٹیلی فون کی پیڈ بیل لیبارٹریز کے جان ای کارلن نے ٹیلی فون کی پیڈ ایجاد کیاتھا۔ کی پیڈ میں اعداد اور نشانات تین عمودی اور چار افقی خطوط میں ترتیب دیے جاتے ہیں۔ آٹومیٹک ٹیلی فون ایکسچینج 99لائنوں والا پہلا آٹومیٹک ٹیلی فون ایکسچینج امریکہ کی ریاست انڈیانا کے شہر لالوڑے میں نصب کیا گیا تھا۔ ایریا کوڈ اگرچہ ایریا کوڈ کا تصور بیسویں صدی کے پانچویں عشرے میں پیش کیا گیا تھا لیکن اس کا باقاعدہ اجراء اور آغاز 1951ء میں امریکہ کی ریاست نیو جرسی کیلئے ایریا کوڈ کو متعارف کروانے سے ہوا۔ نیوجرسی کا ایریا کوڈ 201ہے۔ ہنگامی نمبر ہنگامی نمبر تین یا چار اعداد پر مشتمل ہوتے ہیں تاکہ لوگ انہیں آسانی سے یاد رکھ سکیں اور ہنگامی ضرورت کے وقت تیزی اور آسانی سے ڈائل کر سکیں۔ انہیں کسی ملک کے کسی بھی حصے کے رہنے والے ہنگامی ضرورت کے وقت استعمال کر سکتے ہیں۔ انہیں یونی و رسل ایمرجنسی ٹیلی فون نمبر بھی کہا جاتا ہے۔ ہنگامی نمبروں کا نظام بھی امریکہ میں وضع کیا گیا تھا۔ اس کے کامیاب ہونے کے بعد دنیا کے دوسرے ملکوں نے بھی یہ نظام اپنا لیا۔ فلموں میں استعمال ہونے والے تخیلاتی ٹیلی فون نمبر امریکہ اور برطانیہ کی حکومتوں نے فلموں میں استعمال کیلئے فرضی ٹیلی فون نمبر وضع کیے۔ امریکی فلموں کے کرداروں کے ٹیلی فون نمبر 555سے شروع ہوتے ہیں۔ تاہم بعض فلم سازوں نے اس اصول سے انحراف کرتے ہوئے اپنی فلموں کے کرداروں کو اصل فون نمبروں سے مماثل فون نمبر استعمال کرتے دکھا یا ہے۔ فون نمبر میجک ٹرک ریاضی خشک علم تو ہے مگر اس کے اصول استعمال کرتے ہوئے بہت سے دلچسپ کھیل بھی ایجاد کئے جا چکے ہیں۔ ٹیلی فون نمبروں کے ضمن میں بھی ایک میجک ٹرک موجود ہے۔ جو کچھ یوں ہے: کوئی بھی سات اعداد والا ٹیلی فون نمبر لیجیے ۔ مثال کے طور 9417990لیجیے ۔ اس کے پہلے تین اعداد کو 80سے ضرب دیجیے ۔ جو حاصل آئے اس میں ایک جمع کیجیے ۔ حاصل جمع کو 250سے ضرب دیجیے۔ حاصل ضرب میں اصل فون نمبر کے آخری چار اعداد جمع کیجیے۔ اس کے بعد آخری چاراعداد دوبارہ جمع کیجیے۔ حاصل جمع میں سے 250نفی کر دیجیے اور باقی بچنے والے اعداد کو 2سے تقسیم کر دیجیے۔ آپ کے سامنے وہی نمبر ہوگا جو آپ نے ابتدا میں منتخب کیا تھا۔ واہ!کمال ہو گیا نا!! ٭٭٭




Similar Threads: