ہلدی سے علاج

حکیم عبدالقدوس
پیٹ میں ہوا:جس شخص کے پیٹ میں ہوا بھر گئی ہو اور اس کی وجہ سے پیٹ میں اپھارہ آ رہا ہو، اس تکلیف کا اندازہ وہی شخص کر سکتا ہے جو اس مرض میں مبتلا رہ چکا ہو۔ ایسے موقع پر ہلدی پسی ہوئی دو رتی اور نمک دس رتی ملا کر گرم پانی سے دیں۔ اس سے ہوا کے اخراج کے ساتھ پیٹ ہلکا ہو جاتا ہے۔ کئی روز تک استعمال کرنے سے ہاضمہ کی کمزوری بھی دور ہو جاتی ہے۔ منہ کے آبلے:ہلدی ایک تولہ کوٹ کر ایک سیر پانی میں ڈال کر جوش دیں۔ جب جوش آ جائے تو اتار کر سرد کریں۔ مریض کو ہدایت کر دیں کہ وہ اسی طرح پانی تیار کرکے صبح و شام غرارے کیا کرے۔ اس سے حلق، تالو اور زبان کے چھالے دور ہو جاتے ہیں۔ حلق کے زخم:حلق یا تالو میں زخم ہوں تو ایک سیر پانی میں ایک تولہ باریک پسی ہوئی ہلدی ملا کر جوش دیں۔ جب پاؤ بھر پانی باقی رہے تب چھان کر صبح و شام اس کے ساتھ غرارے کریں۔