پھولوں سے گھر کی سجاوٹ

شمیم اختر
تازہ پھولوں سے گھر کی سجاوٹ اور آرائش ایسا فن ہے جو خاتون خانہ کی سلیقہ مندی کے ساتھ ساتھ اس کے ذوق و جمال کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ پھولوں سے گھر میں خوشبو بسیرا کر لیتی ہے اور اہل خانہ کی طبیعت پر خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اسی لیے افراد خانہ جب دن بھر کے تھکے ہارے گھر لوٹتے ہیں تو خوشبو کا مہکتا احساس ان کی دن بھر کی تھکن دور کر کے انہیں تازہ دم کر دیتا ہے۔ مختلف پھولوں کی خوشبو مختلف طرح کے طبی خواص سے بھرپور ہوتی ہے جو انسانی صحت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ نفسیاتی صحت کو بھی یقینی بناتی ہے۔ تازہ پھولوں سے گھروں کو سجانے کے لیے ان دنوں بازاروں میں بڑی خوبصورت اقسام کی ٹوکریاں دستیاب ہیں جن کو پھولوں سے سجا کر ہم اپنے گھر کی خوبصورتی میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ یہ ٹوکریاں کئی طرح کے مٹیریل سے تیار کی جاتی ہیں۔ ان میں لکڑی، پلائی ووڈ، پلاسٹک اور لوہا شامل ہے۔ تھوڑی سی مہارت اور تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر گھر پر بھی پھول سجانے والی ٹوکریاں تیار کی جا سکتی ہیں جنہیں بعدازاں خوبصورت پھولوں سے سجا کر گھریلو آرائش کا کام لیا جا سکتا ہے۔ عام طور پر خواتین ڈائننگ ٹیبل، ڈریسنگ ٹیبل، بیڈ کی اطراف رکھی جانے والی سائیڈ ٹیبلز اور کچھ انگیٹھی پر شوق سے پھول سجاتی ہیں لیکن اس مقصد کے لیے عموماً مصنوعی پھولوں کا سہارا لیاجاتا ہے۔ تھوڑی سی محنت کر کے گھروں میں بھی کئی طرح کے پھول اگائے جا سکتے ہیں۔ تازہ پھولوں کو یقینی بنا لیا جائے تو گھر کی خوبصورتی کو چار چاند لگ سکتے ہیں۔ گلدان میں سجے پھولوں کا ایک گلدستہ یا تازہ پھول پتوں پر مشتمل ایک ٹوکری کو ڈائننگ ٹیبل کے درمیان میں سجا دینے سے نہ صرف کمرے کے حسن میں اضافہ کیا جا سکتا ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ کھانے کے لطف کو بھی دوبالا کیا جا سکتا ہے۔ گھریلو آرائش کے لیے روپے سے بڑھ کر تخلیقی سوچ اور عقلمندی کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر مہارتوں کے ساتھ خالی جگہوں کی آرائش کی جائے تو گھر خوبصورت بھی لگے گا اور معطر بھی۔ ٭…٭…٭