وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی افغان صدر اشرف غنی کی دعوت پر ایک روزہ دورے پر افغانستان کے درالحکومت کابل پہنچ گئے۔
کابل پہنچنے پر افغان صدر کی جانب سے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
اس موقع پر افغان فوج کے دستوں کی جانب سے وزیر اعظم کو سلامی بھی پیش کی گئی جبکہ دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔
دورہ کابل میں وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ خواجہ آصف، وزیر داخلہ احسن اقبال اور مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ بھی موجود ہیں۔
اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم افغان صدر کے علاوہ چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سمیت دیگر سینئر افغان رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ ممکنہ طور پر عسکری تعاون میں بہتری کے حوالے سے بھی دوطرفہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائےگا۔
واضح رہے کہ اس دورے سے قبل دفتر خارجہ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ وزیر اعظم کے دورے کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنا، اس کا تسلسل برقرار رکھنا، پائیدار امن کے حصول کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا، دونوں ملکوں اور خطے میں استحکام اور معاشی خوشحالی لانا ہے۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم سے قبل سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے دورہ کابل میں اشرف غنی اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات پر مبنی منصوبہ افغانستان پاکستان ایکشن پلان برائے امن اور اتحاد میں تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔