وزیر اعلیٰ بلوچستان نے شاہد خاقان عباسی سے سینیٹ چیئرمین کے حوالے سے دیا گیا اپنا بیان واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔
کوئٹہ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ہمراہ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ جمہوری طریقے سے منتخب ہوئے ہیں، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ان پر بلاجواز تنقید کی ہے۔
انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ چیئرمین سینیٹ کے انتخابات میں پیسوں کے ذریعے ووٹ خریدنے کا بیان واپس لیں۔
قدوس بزنجو نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے اگر اپنا بیان واپس نہ لیا تو اسلام آباد کی جانب مارچ کریں گے۔
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ہارس ٹریڈنگ کا بانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کو روکنے کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست دی تھی تب انہوں نے ہمارا ساتھ نہیں دیا تھا اور آج یہ ہارس ٹریڈنگ کے لیے رو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت تمام جماعتوں کی متفقہ رائے سے آنا چاہیے تاکہ ملک میں صاف اور شفاف الیکشن دیکھنے میں آئیں۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان اور ان کے ساتھیوں کو بلوچستان میں نئی سیاسی جماعت قائم کرنے پر مبارک باد بھی دی۔
واضح رہے کہ 25 مارچ کو لاہور اور ننکانہ صاحب میں مختلف تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے چیئرمین سینیٹ کے انتخابات پر تحفظات کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ ایوان بالا کے لیے مشترکہ چیئرمین کی ضرورت ہے جو وفاق کی عکاسی کرسکے۔
وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے الزام لگایا تھا کہ سینیٹ انتخابات میں ووٹ کو خریدا گیا اور ایسے اقدام سے ملک کی عزت نہیں ہوتی اور نہ ہی اس طرح کے انتخابات کی کوئی عزت ہوتی ہے۔