امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کی اہلیہ ونیسا نے شوہر سے علیحدگی کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا۔
امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق جوڑے نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ وہ دونوں اپنی 12 سالہ رفاقت ختم کر کے راستے جدا کر رہے ہیں، تاہم ہمیشہ ایک دوسرے اور خاندانوں کی عزت کرتے رہیں گے۔
ٹرمپ جونیئر اور ان کی اہلیہ، جن کی عمریں 40 سال ہے، کی شادی 2005 میں ہوئی تھی۔
دی ٹرمپ آرگنائزیشن سے جاری بیان میں، جہاں ٹرمپ جونیئر ایگزیکٹو کے عہدے پر فائز ہیں، مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ہمارے پانچوں بچے ہمیشہ ہماری اولین ترجیح رہیں گے۔
سابقہ ماڈل ونیسا ٹرمپ نے ریاستی سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے طلاق کے کاغذات میں کہا ہے دونوں کے درمیان علیحدگی اتفاق رائے سے ہو رہی ہے، جس کا مطلب جوڑے کے درمیان بچوں کی حوالگی اور اثاثوں کا کوئی تنازع نہیں ہے۔
واضح رہے کہ 2016 میں ٹرمپ جونیئر اپنے والد ڈونلڈ ٹرمپ کے روس سے تعلقات کی خصوصی وکیل کی تحقیقات کے دوران اہم کردار کے طور پر سامنے آئے تھے۔
ٹرمپ جونیئر ان دنوں اپنے بھائی ایرِک ٹرمپ کے ہمراہ خاندانی کاروبار چلا رہے ہیں جس میں ہوٹلز، گالف کورسز اور شراب بنانے کی فیکٹریاں شامل ہیں۔