معروف بھارتی گلوکار دلیر مہندی کو پٹیالہ کی عدالت نے 2003 میں درج ہونے والے انسانی اسمگلنگ کے کیس میں فرد جرم عائد کرتے ہوئے 2 سال قید کی سزا سنا دی۔
بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دلیر مہندی کو 2 سال قید کی سزا سنائے جانے کے کچھ ہی دیر بعد انہیں ضمانت دے دی گئی۔
معروف گلوکار کا کہنا تھا کہ 'مجھے ضمانت مل گئی ہے اور ہم اعلیٰ عدالت میں اپیل دائر کریں گے'۔
خیال رہے کہ دلیر مہندی اور ان کے بھائی شمشیر سنگھ کو پیسوں کے عوض غیر قانونی طور پر لوگوں کے گروہوں کو بیرون ممالک بھیجنے کا الزام لگایا گیا تھا۔
ان پر الزام تھا کہ وہ 1998 اور 1999 میں 10 افراد پر مشتمل گروہ کو امریکا لے کر گئے تھے اور وہاں انہیں غیر قانونی طور پر چھوڑ کر واپس آگئے تھے۔
بخشیش سنگھ کی شکایت پر پٹیالہ کے تھانے میں دلیر اور شمشیر کے خلاف مقدمہ درج کیے جانے کے بعد دونوں بھائیوں کے خلاف مزید فراڈ کے الزامات سامنے آئے تھے۔
پٹیالہ پولیس نے دلیر مہندی کے نئی دہلی میں بنے آفس پرچھاپہ مارکر دستاویزات ضبط کی تھیں۔
ان دستاویزات میں مہندی اور اس کے بھائی کو پیسے دے کر امریکا جانے والوں کی بھی فائل بر آمد کی گئی تھی۔
2006 میں پٹیالہ پولیس کی جانب سے دلیر مہندی کو بے گناہ ثابت کرنے والی 2 ڈسچارج پٹیشنز دائر کی گئی تھیں۔
تاہم عدالت نے پولیس کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کیس میں ان کے خلاف کافی ثبوت ہیں اور ہم مزید تحقیقات چاہتے ہیں۔