خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں مقامی انتظامیہ نے وزارتِ داخلہ کے احکامات پر جماعت الدعوہ اور فلاح انسانیت کے دفاتر بند کر دیے گئے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پشاور میں حافظ سعید کی تنظیم جماعت الدعوہ اور اسی تنظیم کے زیر انتظام امدادی ادارے فلاح انسانیت کے دفاتر کو انتظامیہ نے تالے لگا دیے ہیں جبکہ اس تنظیم کے زیر انتظام تین مدرسے اور دو مساجد محکمۂ اوقات کی تحویل میں دے دی گئی ہیں۔
سرکاری حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا لاہور میں اس تنظیم اور اس کے ذیلی تنظیموں کے دفاتر پہلے ہی بند کیے جا چکے ہیں ۔
بظاہر ان دفاتر کے خلاف کارروائی کے وجہ نہیں بتائی گئی لیکن سرکاری حکام نے بتایا کہ وزارت داخلہ کے حکم پر ضلعی انتظامیہ کو لکھے گئے خط میں تنظیم اور اس سے وابستہ اداروں کے خلاف کارروائی کے حکامات جاری کیے گئے ہیں۔
یہ خط گذشتہ ہفتے کمشنر پشاور کو لکھا گیا تھا۔
مبصرین کے مطابق امریکہ کی جانب سے پاکستان پر جماعت الدعوہ کے خلاف کارروائی کے لیے دباؤ مسلسل بڑھتا جا رہا تھا۔ امریکہ نے پاکستان کو ملنے والی امداد کو حقانی نیٹ ورک اور جماعت الدعوکے خلاف کارروائی سے مشروط کیا ہے۔
پاکستان کا نام دہشت گردی کی معاونت کرنے والے ممالک کی فہرست میں ڈالنے کے حوالے پاکستان پر دباؤ بڑھ گیا تھا۔