ڈربن میں کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ میچ میں انڈیا نے کپتان وراٹ کوہلی کا سنچری کی بدولت میزبان جنوبی افریقہ کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
چھ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز اسکور کیے۔
جواب میں انڈیا نے 270 رنز کا ہدف 46ویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
انڈیا کی جانب سے کپتان وراٹ کوہلی اور اجنکیے ریحانے نے بہترین کھیل پیش کیا اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 189 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی جیت یقینی بنا دی۔
وراٹ کوہلی نے اس میچ میں اپنی 33ویں سنچری اسکور کی اور 112 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جبکہ ریحانے نے بھی نصف سنچری بنائی اور 79 کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ نے جب اپنی اننگز کا آغاز کیا تو 134 کے مجموعی اسکور پر اس کی پانچ وکٹیں گر چکی تھیں۔
تاہم بعد میں کپتان فاف ڈوپلیسی نے عمدہ بیٹنگ کی اور پہلے کرس مورس کے ساتھ 74 اور بعد میں پھیلاکاوایو کے ساتھ مل کر 56 رنز کی شراکت داری قائم کر کے اپنی ٹیم کا اسکور 269 رنز تک پہنچا دیا۔
فاف ڈوپلیسی نے سنچری اسکور کی اور 120 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی جنوبی افریقی بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔
انڈیا کی جانب سے کلدیپ یادویو تین وکٹیں لے کر نمایاں بولر رہے۔
اس طرح چھ ایک روزہ کرکٹ میچوں کی سیریز میں انڈیا کو ایک صفر سے برتری حاصل ہو گئی ہے۔