سائنس کی دنیا



آٹومیٹک کاریں: ایپل کمپنی کا راز کھل گیا کمپیوٹر اور سافٹ ویئر بنانے والی معروف کمپنی ایپل آٹومیٹک کاریں بھی بنارہی ہے لیکن اس نے اس خبر کو ہر ممکن حد تک خفیہ رکھا ہوا ہے۔ اس بارے میں شبہ ظاہر کیا جا رہا تھا لیکن شواہد کی کمی تھی۔ اب یہ راز کھل چکا ہے۔ 14 اپریل کو کیلی فورنیا کے ڈیپارٹمنٹ آف موٹر وہیکلز نے ایپل کو آٹومیٹک کاریں ٹیسٹ کرنے کی اجازت دی۔ اس کا مطلب ہے کہ کمپنی نے اسے درخواست کی تھی اور انہیں بنانے کا کام خاصے عرصے سے کر رہی ہے۔ تاہم کمپنی نے اجازت لینے کے عمل کو بھی خفیہ رکھا۔ امریکی ریاست کیلی فورنیا کے مذکورہ شعبے سے ایک 41 صفحات پر مشتمل دستاویز بھی ذرائع ابلاغ کے ہاتھ آئی ہے۔ آٹومیٹک یا خود کار کاریں بنانے کے لیے بہت سی کمپنیاں جتن کررہی ہیں جن میں گوگل بھی شامل ہے۔ ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ کاروں کی صنعت میں انقلابی تبدیلی لے آئیں گی۔


سمارٹ فون میاں بیوی کے تعلقات خراب کر سکتا ہے شادی شدہ جوڑوں کے مابین سمارٹ فون کی وجہ سے شکایات بڑھتی جا رہی ہیں۔ میاں یا بیوی میں سے کوئی ایک ضرورت سے زیادہ وقت سمارٹ فون پر گزارتا ہے جس سے ایک دوسرے سے گفتگو کم ہوتی ہے اور وہ ایک دوسرے کو مناسب وقت نہیں دے پاتے جس سے دوری جنم لیتی ہے۔ آسٹریلیا میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق ہر پانچ میں سے ایک شادی شدہ جوڑے میں سمارٹ فون کی وجہ سے کشیدگی پیدا ہو تی ہے۔ اس کی بنیادی وجہ ایک دوسرے کا خیال کرنے کی بجائے سمارٹ فون کی دنیا میں کھو جانا ہے۔ جس سے دونوں میں سے کسی ایک کو اپنی ناقدری کا احساس ہونے لگتا ہے۔آسٹریلیا میں ہونے والی تحقیق کے مطابق سمارٹ فون کی وجہ سے شادی شدہ جوڑوں میں شکایات بہت بڑھ چکی ہیں۔ 450 افراد کے جائزے کے بعد معلوم ہوا کہ 22فیصد کے تعلقات کشیدہ ہیں جبکہ 46 فیصد کو اپنے شریک حیات سے شکایت ہے۔ ماہرین کے مطابق زندگی کے اس اہم رشتے کو محض سمارٹ فون کی وجہ سے خرابی سے بچانے کے لیے اپنے اوپر قابو پانا ضروری ہے۔