نصرت شبنم
اگر آپ کی سالگرہ کا مہینہ ستمبر ہے، تو یاد رکھیں کہ آپ کے علاوہ اس مہینے میں سالگرہ منانے والوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ایک مطالعاتی جائزے سے پتا چلتا ہے کہ ستمبر سالگرہ کے حوالے سے مقبول ترین مہینہ ہے، جس میں سب سے زیادہ بچے دنیا میں آتے ہیں۔ریاست ہائے متحدہ امریکا میں کیے جانے والے ایک تحقیقی جائزے کے مطابق امریکا میں اگست اور ستمبر سالگرہ کے زیادہ عام مہینے ہیں جبکہ جنوری سالگرہ کے لیے زیادہ مقبول نہیں۔ نیویارک ٹائمز اخبار کی ایک پچھلی اشاعت میں ہارورڈ یونیورسٹی سے منسلک ماہر اقتصادیات امیتابھ چندر کی جائزہ رپورٹ شائع ہوئی ہے، جس سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ سال کا پہلا دن پیدائش کے لیے زیادہ عام نہیں ۔امریکی محقق چندر نے بچوں کی پیدائش کی تاریخ کے حوالے سے سال کے ہر دن کی درجہ بندی کی فہرست میں ستمبر کی 16 تاریخ کو سالگرہ کا سب سے مقبول ترین دن قرار دیا ہے۔ پروفیسر چندر کی طرف سے جمع کیے جانے والے اعداد و شمار سے یہ بھی پتا چلتا ہے کہ امریکا میں جنوری کی پہلی تاریخ 264 ویں یا کم غیر مقبول سالگرہ کا دن ہے جبکہ 25 دسمبر اور 29 فروری سالگرہ کے لیے بالکل بھی مقبول تاریخیں نہیں ۔وسیع پیمانے پر کیے جانے والے مطالعے 1973 سے 1999 کے دوران امریکا میں پیدا ہونے والے بچوں کی تاریخ پیدائش کے اعداد و شمار پر مبنی تھا، جس میں پروفیسر چندر نے جنوری کی ایک سے دسمبر 31 تک سال کے ہر دن کی درجہ بندی، اس تاریخ پر پیدا ہونے والے بچوں کی تعداد کی بنیاد پر کی ہے۔ پروفیسر چندر کی طرف سے مرتب کیے جانے والے گراف سے پتا چلتا ہے کہ امریکا میں بچوں کی پیدائش کا زیادہ عام مہینہ اگست ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ اگر اگست کے ایک اضافی دن کو نکال کر دیکھا جائے، تو سال بھر میں سب سے زیادہ بچوں کی پیدائش کا مہینہ ستمبر ہے۔فہرست کے اعتبار سے 16 ستمبر سالگرہ کا مقبول ترین دن ہے جبکہ اسی ماہ کی دیگر تاریخیں نو اور 23 سالگرہ کی دوسری اور تیسری مقبول تاریخیں ہیں، علاوہ ازیں اسی طرح ستمبر 17 اور 22 چوتھی اور پانچویں سالگرہ کی مقبول تاریخیں ہیں۔ درجہ بندی کی فہرست سے ظاہر ہوتا ہے کہ جنوری، فروری، مارچ اور اپریل اور نومبر سالگرہ کے عام مہینے نہیں۔ جیسا کہ جنوری کے مہینے میں سب سے مقبول سالگرہ کا دن 20 جنوری ہے ،جو درجہ بندی کے اعتبار سے 240 ویں کم مقبول سالگرہ کا دن ہے۔ فروری میں ویلنٹائن ڈے 14 فروری سالگرہ کے لیے زیادہ عام دن ہے۔ یہ تاریخ درجہ بندی کی فہرست میں 103 نمبر پر ہے۔مارچ میں سالگرہ کا عام دن تین مارچ ہے، جو فہرست میں 133 ویں عام سالگرہ کا دن ہے، تاہم اپریل فول یا اپریل کی پہلی تاریخ بچوں کی پیدائش کے حوالے سے 348 نمبر پر کم مقبول سالگرہ کا دن ہے۔ فہرست کے مطابق 22 مئی اس ماہ کی زیادہ عام تاریخ ہے، جس کی درجہ بندی 141 پر کی گئی ہے۔علاوہ ازیں جون کی 30 ،24 اور 25 تاریخیں فہرست میں بالترتیب 75 ،95 اور 100ویں نمبر پر سالگرہ کے لیے زیادہ عام دن ہیں۔اسی طرح جولائی میں سات اور آٹھ تاریخ سالگرہ کے لیے زیادہ مقبول ہیں، جو بالترتیب 12 اور 14 نمبر پر ہیں۔امریکا میں اگست میں پیدا ہونے والے بچوں کے لیے زیادہ عام سالگرہ کے دن 12،19 اور 20 اگست ہیں، جن کی محقق چندر نے درجہ بندی بالترتیب ,17,30 اور 31 نمبر پر کی ہے۔ دریں اثناء اکتوبر کے مہینے میں مقبول سالگرہ کے دن پہلی اور اکتوبر کی دوسری تاریخ ہے، جو بالترتیب 20 اور 53 نمبر پر مقبول سالگرہ کے دن ہیں۔ اسی طرح نومبر کے مہنے میں 5 تاریخ درجہ بندی کے اعتبار سے 143 نمبر پر مقبول ہے جبکہ دیگر مقبول دن 19 اور 20 نومبر کے ہیں۔سال کے آخری مہینے دسمبر کے گراف سے پتا چلتا ہے کہ اس مہینے میں سالگرہ کی عام تاریخ 30 دسمبر ہے، جو فہرست میں 26 نمبر پر ہے۔اس کے علاوہ دیگر مقبول سالگرہ کے دن 28 ،29 ،17 ہیں، جنھیں محقق چندر نے دسمبر میں پیدا ہونے والے امریکیوں کی سب سے مقبول سالگرہ کی تاریخیں بتایا ہے۔ ٭…٭…٭