مقبوضہ وادی پر تسلط اور بھارتی مظالم کیخلاف آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جائیگا



مقبوضہ کشمیر پر بھارتی تسلط کے خلاف اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا، آج عام تعطیل ہو گی، ملک بھر میں جلوس نکالےجائیں گے۔
لاہور: (دنیا نیوز) معصوم کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف آج ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی، سرکاری، نیم سرکاری اور نجی ادارے بند رہیں گے۔ تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔
کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے صبح 10 بجے ایک منٹ کے لئے خاموشی اختیار کی جائے گی۔ صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف کشمیری قائدین سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیر اعظم کا آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی و کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب بھی متوقع ہے۔ وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں میں بڑی ریلیوں کے علاوہ انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنانے کی تیاریاں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔
خواتین اور بچے بھی ان پروگراموں میں شریک ہونگے۔ آزاد اور مقبوضہ کشمیر میں بھی بڑی ریلیاں اور جلوس نکالے جائیں گے۔