پٹھانکوٹ حملے میں اندرونی ہاتھ سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان میں دہشتگردی کرائی گئی'

اہم اجلاس کی اندرونی کہانی کے مطابق وزیراعظم کو بتایا گیا کہ مودی کی حالیہ دوستی پالیسی دراصل "بغل میں چھری ، منہ میں رام رام " کی عکاسی ہے۔
راولپنڈی: (دنیا نیوز) آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز میں اہم اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو اندرونی و بیرونی خطرات، دہشتگردوں ان کے نیٹ ورکس اور رابطوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کی اندرونی کہانی کے مطابق وزیراعظم کو بتایا گیا کہ مودی کی حالیہ دوستی پالیسی دراصل "بغل میں چھری ، منہ میں رام رام " کی عکاسی ہے۔ پٹھانکوٹ حملے میں نااہلی، بزدلی اور اندرونی ہاتھ سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان میں دہشتگردی کرائی گئی اور باچا خان یونیورسٹی کے طلبا کو خون میں نہلایا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ،"را" پاکستان کی ایک بڑی سیاسی جماعت میں مکمل سرایت کر چکی ہے۔ "را" نے مذہبی اور بلوچ قوم پرست دہشتگردوں کے لیے خزانے کا منہ کھول دیا۔ اجلاس میں "را "، افغان ایجنسی این ڈی ایس کی پاکستان مخالف کارروائیوں کے ثبوت بھی دکھائے گئے۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کی کمزوریوں پر بھی غور ہوا اور بتایا گیا کہ پنجاب میں بھی بھرپور آپریشن کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آئی ایس آئی کی کارکردگی کو سراہا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ محفوظ اور خوشحال پاکستان کیلئے دشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دیں گے۔ قوم اور حکومت مسلح افواج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے قیام امن کیلئے خفیہ معلومات کی بنیاد پر ملک بھر میں آپریشن جاری رکھنے پر زور دیا۔