ڈی ایچ اے اراضی اسکینڈل کی تحقیقات میں نیب نے سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ اشفاق پرویز کیانی کے بھائی امجد کیانی کو بھی شامل تفتیش کر لیا۔ امجد کیانی کہتے ہیں ان کے کاروبار سے ان کے بھائی اور سابق آرمی چیف کا کوئی تعلق نہیں۔
اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈی ایچ اے اراضی سکینڈل کی تحقیقات میں ایک اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ اشفاق پرویز کیانی کے بھائی امجد کیانی کو بھی شامل تفتیش کر لیا گیا ہے۔ نیب کو ڈی ایچ اے سے ریکارڈ بھی مل گیا ہے۔ دو سابق فوجی افسروں کا جوڈیشل، ایک ملزم کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا ہے۔
سماعت کے موقع پر احتساب عدالت نے گرفتار تین ملزمان میں سے بریگیڈیئر ریٹائرڈ جاوید اقبال اور کرنل ریٹائرڈ صباہت قدیر بٹ کو جوڈیشنل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا جبکہ کامران کیانی کی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو مزید پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب اشفاق پرویز کیانی کے بھائی امجد کیانی نے نیب کو دئیے گئے بیان میں کہا ہے کہ کاروبار سے ان کے بھائی اورسابق آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کا کوئی تعلق نہیں، چھوٹے بھائی کامران کیانی دبئی میں ہیں، تحقیقات کے لئے جب ضرورت ہوئی پیش ہوں گے۔