آرمی چیف کا خفیہ معلومات کی بنیاد پر ملک بھر میں آپریشن جاری رکھنے پر زور



آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے امن کے قیام کے لیے خفیہ معلومات کی بنیاد پر ملک بھر میں آپریشن جاری رکھنے پر زور۔
راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر میں اہم اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور وزیراعظم نواز شریف نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف کو ملکی اندرونی و بیرونی سیکورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
پاکستان مخالف انٹیلیجنس ایجنسیز اور ان سے تعاون کرنے والوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر ترجمان کے مطابق اجلاس میں پاک افغان بارڈرمینجمنٹ اور آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں بھی بات کی گئی۔
اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ محفوظ اور خوشحال پاکستان کیلئے دشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دیں گے۔ پوری قوم اور حکومت مسلح افواج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے امن کے قیام کے لیے خفیہ معلومات کی بنیاد پر ملک بھر میں آپریشن جاری رکھنے پر زور دیا۔

اس سے پہلے پبی میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ایگل داش ون مشقوں کا معائنہ کیا۔ اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ مشترکہ مشقیں تینوں ممالک کے تعلقات کو مستحکم کریں گی۔ خطے سے دہشتگردی کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔

جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ دہشتگردی عالمی مسئلہ ہے۔ دہشتگردوں کا کوئی ملک، مذہب یا مسلک نہیں۔ پاکستان ایک دہائی سے زائد عرصہ سے دہشتگردی کا شکار ہے۔ پاکستانی قوم کے عزم اور مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت نے حالات بدل دئیے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مشقیں دو ہفتے جاری رہیں گی۔