مودی کی لاہور یاترا ، وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات ، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال



بھارتی سٹیل ٹائیکون سجن جندال نے دونوں کی ملاقات میں اہم کردار ادا کیا ، بھارت پاکستان کے راستے افغانستان تک رسائی چاہتا ہے :برکھا دت

لاہور (دنیا نیوز ) بھارتی وزیر اعظم کی پاکستان آمد کیا واقعی اچانک تھی ، یا بیک ڈور ڈپلومیسی کام دکھا گئی ۔ دونوں وزرائے اعظم کی ملاقات سے پہلے ہی بھارتی سٹیل ٹائیکون سجن جندال کی لاہور میں موجودگی نے سالگرہ ڈپلومیسی کے سرپرائز پر سوال اٹھا دیئے ۔ کیا بھارتی وزیر اعظم کو اچانک پاکستان کی یاد ستائی یا بھارتی بزنس مین نے مل بیٹھنے کی راہ سجائی ۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی آمد سے پہلے بھارتی سٹیل ٹائیکون سجن جندال کے ٹویٹ نے تہلکہ مچایا کہ وہ نواز شریف کو سالگرہ کی مبارکباد دینے کیلئے اہلیہ سمیت لاہور میں ہیں ۔ انہوں نے اپنی فوٹو بھی ٹویٹ کی ۔ پاک بھارت تعلقات میں بھارتی سٹیل ٹائیکون سجن جندال کا نام تب سامنے آیا جب نریندر مودی کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے بعد وزیر اعظم نواز شریف اپنے صاحبزادے کے ساتھ ان کی رہائش گاہ پر گئے ۔ بھارتی صحافی برکھا دت نے اپنی کتاب میں انکشاف کیا تھا کہ نیپال میں ہونے والی سارک کانفرنس کے دوران نواز شریف اور نریندر مودی نے ایک گھنٹے کی خفیہ ملاقات کی تھی جس کا اہتمام کرنے والے یہی بھارتی سٹیل ٹائیکون تھے ۔ اب بھی بھارتی صحافی نے ٹویٹ پر سوال اٹھایا کہ اندازہ لگائیں ، نریندر مودی کے علاوہ اور کون ہے لاہور میں ؟ بھارتی صحافی برکھا دت نے اپنی کتاب میں دعویٰ کیا تھا کہ سٹیل ٹائیکون بھارت کی پاکستان کے راستے افغانستان رسائی چاہتے ہیں جہاں سجن جندال سمیت بھارتی کنسورشیم نے خام لوہا نکالنے کیلئے بھاری سرمایہ کاری کر رکھی ہے ۔