دوسرے ون ڈے میچ میں بھی زمبابوے کو شکست، کپتان اظہر علی کی مسلسل دوسری سینچری



قذافی سٹیڈم میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں دو، صفر سے برتری حاصل کر لی ہے۔ لاہور: (دنیا نیوز) پاکستانی کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔ زمبابوے کی جانب سے چبھابھا اور سکندر رضا نے عمدہ بیٹنگ کی اور ٹیم کے ٹوٹل کو 268 رنز تک پہنچایا۔ زمبابوے کی جانب سے سکندر رضا نے صرف 84 گیندوں پر سینچری بنائی اور ناٹ آئوٹ رہے جبکہ چبھابھا اپنی سینچری سے صرف ایک رن دور 99 کے سکور پر آئوٹ ہوئے۔ اس کے بعد پاکستانی ٹیم نے 269 رنز کے تعاقب میں اپنی اننگز شروع کی۔ پاکستان کو 46 کے مجموعی سکور پر پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب وکٹ کیپر سرفراز احمد 22 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ اس کے بعد باری محمد حفیظ کی تھی جنہوں نے چوبیس گیندوں پر صرف پندرہ رنز بنائے۔ پاکستان کو تیسرا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب اسد شفیق 39 رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ کریمر کی گیند پر سکندر رضا نے ان کا خوبصورت کیچ لیا۔ کپتان اظہر علی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 101 گیندوں پر اپنی سینچری مکمل کی تاہم پاکستان کو چوتھا نقصان کپتان کی صورت میں اٹھانا پڑا جب اظہر علی 102 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے۔ حارث سہیل نے بھی آتے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور صرف 49 گیندوں پر 52 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی۔ ان کا ساتھ دینے والے شعیب ملک نے 36 رنز بنائے اور ناٹ آئوٹ رہے۔ یوں پاکستان نے سینتالیس اعشاریہ سات اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 269 کا ہدف پورا کر لیا۔


Similar Threads: