معروف ٹیکنالوجی فرم مائیکروسافٹ نے گزشتہ روز نوکیا کے نام کے بغیر اپنا پہلا سمارٹ فون لومیا 535 متعارف کرا دیا۔ یہ سمارٹ فون سنگل اور ڈوئل سمز کے ہینڈ سیٹس کی شکل میں رواں ماہ کے دوران دنیا بھر میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا، جس کی قیمت 110 یورو رکھی گئی ہے تاہم پاکستان کے لیے اس کی قیمت یا ریلیز کی تاریخ ابھی سامنے نہیں آسکی ہے۔ لومیا 535 دیکھنے میں لومیا 530 سے ملتا جلتا ہے جو کچھ ماہ پہلے متعارف کرایا گیا تھا تاہم اس نئے موبائل میں فیچر مختلف ہیں۔
لومیا 535 کا فرنٹ اور بیک کیمرہ پانچ میگاپکسلز کا ہے اور سیلفی کے شوقین افراد کے لیے زیادہ موزوں ہے جبکہ اس کے ذریعے سکائپ کالز اور کم روشنی میں اچھی تصاویر کے لیے ایل ای ڈی فلیش بھی موجود ہے۔ اس کے اندر لومیا 530 کے برعکس ایک جی بی ریم موجود ہے جس سے گیمز کو چلانا زیادہ آسان ہوتا ہے۔ اس موبائل کی ایچ ڈی سکرین پانچ انچ آئی پی ایس ایل سی ڈی ڈسپلے کی حامل ہے، جبکہ اس کے اندر آٹھ جی بی تک میموری رکھی گئی ہے جس میں مائیکرو ایس ڈی کے ذریعے 128جی بی تک اضافہ کیا جا سکتا ہے۔


Similar Threads: